نئی دہلی27؍ دسمبر(ایس او نیوز؍سالار) 2019 میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہر بار کی طرح اس بار بھی ایسے نیٹ ورک کا انکشاف کیا ہے جو ملک کو دھماکے سے اڑانے کی سازش میں مصروف تھا۔
این آئی اے کا یہ دعویٰ تین ریاستوں میں ہوئے انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد سامنے آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایک بار پھر ہندوتوا کے ووٹوں کو متحد کرنے کے لئے انتہاپسند عناصر مختلف حربے استعمال کررہے ہیں۔ رام مندر ،طلاق ثلاثہ کا معاملہ ملک میں ہندواور مسلمانوں کے درمیان منافرت کی دیوار کھڑی کرنے میں ناکام رہا اس لئے دیگر کوششیں شروع کردی گئی ہیں ۔قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس سے متاثر حرکت الحرب اسلام نامی تنظیم سے تعلق رکھنے والے اترپردیش کے گیارہ اور دہلی کے چھ ٹھکانوں پر چھاپے مار کر دس لوگوں کو گرفتار کرکے ان کے پاس سے بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا ہے ۔
این آئی اے کی آج یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق دہلی پولیس، اترپردیش پولیس او راترپردیش کے انسداد دہشت گردی دستہ کی مدد سے دہلی کے جعفرآباد اور سیلم پور سمیت چھ مقامات اور اترپردیش کے امروہہ ، لکھنؤ ، میرٹھ او رہاپوڑ کے گیارہ مقامات پر چھاپے مارے گئے ۔اس پورے ماڈیول کے ماسٹر مائنڈ محمد سہیل کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ این آئی اے کے مطابق اس تنظیم سے وابستہ افر اہم اداروں اور حساس مقامات پر دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ بنارہے تھے ۔ چھاپے ماری کے دوران25کلوگرام دھماکہ خیز مادہ،12پستول، ایک دیسی راکٹ لانچر،150کارتوس۔112الارم گھڑیاں، موبائل فون سرکٹ، بیٹری، بجلی کے تار،91موبائل فون، 134سم کارڈ، تین لیپ ٹاپ اور تقریباًساڑھے 7 لاکھ روپے ضبط کئے گئے ہیں۔ چھاپے کے دوران آئی ایس آئی ایس سے متعلق دستاویزات بھی ضبط کی گئی ہیں۔
این آئی اے کے مطابق گرفتار کئے گئے لوگ خودکش حملوں کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ اس کا ماسٹر مائنڈ محمد سہیل امروہہ کا رہنے والا ہے لیکن وہ فی الحال دہلی کے جعفرآباد میں مقیم تھا اور اپنی ٹیم کے لوگوں کو ہتھیار، دھماکہ خیز مادہ اور دوسری چیزیں خریدنے کے لئے تیار کررہا تھا۔چھاپے کے دوران انس یونس، راشد جعفر ، سعید، رئیس احمد ، زبیر ملک، زید ملک ، ثاقب افتخار، محمد ارشاد او رمحمد اعظم کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ان میں سے دو بھائی رئیس اور سعید نے آئی ای ڈی اورپائپ بم بنانے کے لئے125کلوگرام دھماکہ خیز مادہ خریدا تھا اور راکٹ لانچر بنانے میں ان کا اہم رول تھا۔گرفتار کئے گئے لوگوں میں سے ایک بیس سالہ زبیر ملک دہلی یونیورسٹی میں گریجویشن کے تیسرے سال کا طالب علم ہے ۔ جب کہ24سالہ انس یونس نوئیڈا کے ایک یونیورسٹی میں سول انجینئرنگ کررہا تھا۔این آئی اے نے ان کے علاوہ چند دیگر مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ گرفتار مشتبہ افراد کوکل این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔